کے این واصف
سعودی عرب نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس ( آئی ایف جے) کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکنیت حاصل کرکے ایک نیا سنگ میل حاصل کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق یہ ایگزیکیٹو کمیٹی آئندہ چار برس کے لیے فیڈریشن کے کام کو لیڈ کرے گی۔
سعودی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عضوان الاحمری پیرس میں منعقدہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی سینچری ورلڈ کانگریس میں ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔


یاد رہے سعودی میڈیا کی تاریخ میں اس بین الاقوامی میڈیا تنظیم میں یہ پہلی کامیابی ہے۔ 148 سے زیادہ ممالک ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکنیت کے لیے میدان میں تھے۔ صرف 16 ممالک نے ایگزیکٹیو کمیٹی کی رکنیت حاصل کی، جو مملکت پر بین الاقوامی اعتماد اور میڈیا و جرنلزم کے شعبے میں اس کے بڑھتے ہوئے مقام کی عکاسی ہے۔ یہ کامیابی سعودی عرب کی بین الاقوامی میڈیا اداروں میں موجودگی کو مزید مضبوط کرتی ہے،عالمی سطح پر صحافت کے شعبے سے متعلق فیصلوں میں زیادہ شرکت کے دروازے کھولتی ہے۔ اس کے ساتھ سعودی میڈیا کے تجربے کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک منتقل کرنے کے قابل بناتی ہے۔
