ریاض ۔ کے این واصف
عالمی ہپّی نیس انڈیکس میں اونچا درجہ حاصل کرنا دیگر حقائق کے علاوہ اس ملک کی سماج زندگی میں خاندانی روابط اور رشتون کے بہتر تانے بانے کا اظہار کرتا ہے۔
سعودی عرب نے ورلڈ ہیپی نیس انڈیکس 2026 میں نمایاں پیش رفت ریکارڈ کی ہے، 10 میں سے 6.817 لائف ایو لیوشن سکور کے ساتھ عالمی سطح پر 147 ملکوں میں 22 ویں نمبر پر رہا۔
یہ رپورٹ “گیلپ” اور “یو این اسٹین ایل ڈیولپمنٹ سولیوشنز نیٹ ورک” کے تعاون سے یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ویلبیئنگ ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے”کے مطابق ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ ہر سال بین الاقوامی یوم خوشی کے موقع پر جاری کی جاتی ہے۔ یہ رپورٹ سروے ڈیٹا پر مبنی ہے جس میں 140 سے زیادہ ممالک شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں کئی عوامل کے ذریعے لوگوں کی رائے معلوم کی جاتی ہے، جس میں مجموعی گھریلو پیداوار( جی ڈی پی)، سماجی مدد، صحت مند زندگی کی توقع، فیاضی، زندگی میں پسند کی آزادی اور بدعنوانی کے بارے میں تاثر شامل ہیں۔
ہیپی نیس انڈیکس میں مملکت کی نمایاں پیش رفت سعودی وژن 2030 کے اہداف خصوصا کوالٹی آف لائف پروگرام کے ذریعے کی جانے والی کاوشوں کی کامیابی کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ میں نمایاں پیش رفت مملکت میں سیاحت، ثقافت، تفریح اور کھیلوں کے شعبوں میں ہونے والی جامع تبدیلیوں کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتی ہے، جس نے معاشرے میں صحت مندانہ طرز زندگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا اور ایک مربوط نظام تشکیل دیا۔
سعودی عرب اس رپورٹ میں متعدد بڑے ممالک سے آگے رہا ہے، جس میں امریکہ 23 ویں، کینیڈا 25 ویں اور برطانیہ 29 ویں نمبر پر رہا۔ فن لینڈ مسلسل نویں مرتبہ سرفہرست رہا اس کے بعد آئس لینڈ اور ڈنمارک کا نمبر ہے۔
