حیدرآباد: بنجارہ ہلز کے معروف ثقافتی مرکز ‘لامکان’ میں گزشتہ روز (جمعرات، 18 دسمبر) ایک باوقار ادبی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مرحوم اسلم فرشوری کی شعری و ادبی تخلیقات پر مبنی کتاب "فصلِ سخن” کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ محترمہ شبینہ فرشوری کی جانب سے ترتیب دی گئی اس تقریب میں شہر کی ممتاز ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سابق آئی پی ایس عہدیدار جناب ایس اے ہدیٰ نے کی، جبکہ ممتاز ادیب جناب اقبال توصیفی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ اعزازی کے طور پر پروفیسر مسعود احمد، معروف شاعر ڈاکٹر فاروق شکیل اور ڈاکٹر محمد بلال اعظمی اسٹیج پر رونق افروز تھے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض نبیلہ فرشوری اور فراز فرشوری نے نہایت شاندار انداز میں انجام دیے اور حاضرین کو کتاب کی اہمیت اور مصنف کی خدمات سے جوڑے رکھا۔
اس موقع پر شہرِ حیدرآباد کے ممتاز ادیبوں، شعراء اور دانشوروں کے علاوہ "بزمِ خواتین” کے اراکین (بشمول محترمہ پروین سلیم) کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مقررین نے اسلم فرشوری مرحوم کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر میزبان محترمہ شبینہ فرشوری نے تمام مہمانوں، ادبی شخصیات اور شرکاء کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔
