
مذہب نہین سکھاتا آپش مین بیر رکھنا – عید، ہولی و ہنومان جینتی پر مشترکہ محفل و مشاعرہ
جئے پور ۔ نمائندہ خصوصی
عیدالفطر، ہولی اور ہنومان جینتی کے پر مسرت موقع پر راجہ پارک میں خوبصورتی سے سجے اور جگمگاتے پنک کیفے اوپن آڈیٹوریم میں منعقدہ محفلِ مشاعرہ میں معروف شعراء نے اپنا کلام پیش کیا جو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کی زندہ مثال معلوم ہوئی۔ س موقع پر جودھپور سے تشریف لائے مہمان خصوصی معروف شاعر ایم آئی ظاہر نے اپنی خوبصورت غزلیں پیش کرکے خوب داد حاصل کی۔
مشاعرہ کی صدارت کرتے ہوئے جئے پور کے معروف شاعر لوکیش کمار ساحل نے کی اور خوبصورت ترنم میں غزلیں اور گیت پیش کیے۔ پنک سٹی کی مشہور شاعرہ اور پروگرام کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شائستہ مہ جبین نے خوبصورت انداز میں مشاعرہ کی نظامت کی اور اپنا کلام پیش کر کے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ محفل مشاعرہ میں آعظم زیدی، ڈاکٹر کویتا ماتھر، عمران قیس، جیوتسنا سکسینہ، نیروما چترویدی، ڈاکٹر شیراز خان، عابد نواب اور جئے پور کے اروند اذان نے تحت اور ترنم میں غزلیں، گیت اور نظمیں سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔
مہمان خصوصی آدرش نگر جے پور کے ایم ایل اے رفیق خان نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام گنگا جمنی تہذیب کی نمائندگی کرتے ہیں۔ آج کے دور میں ایسی تقریبات کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر رفیق خاں نے جئے پور آرٹ فیسٹیول کا پوسٹر بھی جاری کیا۔ پروگرام میں معزز مہمانوں سنیل شرما، سنجے پراشر، راج جنگڈ اور اسلام کارپینٹر، رضوان اعجازی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔