تین صحافیوں کا تعزیتی جلسہ۔ پرفیسرایس اے شکور اور دیگر کا خطاب۔
کے این واصف
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نے حالیہ عرصہ میں جاں بحق ہوئے تین صحافی حضرات کو خراج پیش کرنے ایک تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا۔ اس اجلاس میں اردو صحافیوں کے علاج اور ناگہانی حالات بالخصوص اموات کی صورت میں ان کے ارکان خاندان کی فوری طور پر مالی امداد کے لئے ایک ”کارپس فنڈ” کے قیام کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ ساتھ ہی تمام اردو صحافیوں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ اپنے ارکان خاندان کے لئے ہیلتھ انشورنس لازمی طور پر کروائیں تاکہ حکومت یا دوسرے اداروں کے محتاج نہ رہیں۔ مختلف مقررین نے اپنے خطاب میں ان خیالات کا اظہار تین صحافیوں عادل احمد خان، مولانا سید عارف شرفی اور ملا شہاب الدین (محبوب نگر) کے تعزیتی جلسہ میں کیا جو جناب ایم اے ماجد صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی زیر نگرانی میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر دائرة المعارف اور مسٹر رمنا رائو (جے این جے کوآپریٹیو ہائوزنگ سوسائٹی) نے بھی شرکت کی۔ جبکہ شہ نشین پر ریاض احمد سیاست، شجاع الدین افتخاری اعتماد، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز ایڈیٹر گواہ، ایم اے ماجد، سید غوث محی الدین جنرل۔ سکریٹری فیڈریشن، سید شاہ عظمت علی، احمد جیلانی نائب صدور فدریشن، جعفر حسین ایڈیٹر صدائے حسینی، حسان عرفان حسامی، محمد امد علی موجود تھے۔ مقررین نے تینوں ان تین صحافیوں کے ہم سے بچھر جانے پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا اور ان کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور غمزدہ ارکان خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ساری صحافتی برادری ان کے ساتھ ہے۔ مقررین نے اردو صحافیوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اَن گنت مسائل کا شکار اردو صحافتی برادری تنگدستی کا شکار ہے۔ چوں کہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کی سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں’ جس کی وجہ سے وہ بہتر طریقہ سے اپنی بیماری کا بہتر علاج نہیں کرواسکتے۔ اکثر و بیشتر وفات کے بعد ان کے ارکان خاندان معاشی پریشانیوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کا واحد حل یہی ہے کہ صحافتی برادری اپنے طور پر ایک کارپس فنڈ قائم کرے۔ بینک میں رقم ڈپوزٹ کریں اور اس کی آمدنی سے معاشی پریشانی کے شکار صحافیوں کو مالی امداد مہیا کرے۔ اردو اکیڈیمی سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اردو صحافیوں کے لئے فنڈ مختص کرے۔ اس تعزیتی جلسہ سے شوکت علی خاں، شہاب الدین ہاشمی، ریاض احمد، شجاع افتخاری، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، ایم اے ماجد، سید زین العابدین، رفیع الدین، امجد علی، غوث محی الدین، محمدیوسف، حسام الدین،ایف ایم سلیم، عثمان رشید، سعداللہ سبیلی، بلال نوید، سید اقبال حسینی نے خطاب کیا۔ جناب عزیز احمد، سید منصورعلی رہنمائے دکن ، سلیم فاروقی وغیرہ بھی اس موقع پرموجود تھے۔
