ریاض ۔ کے این واصف
ایام حج میں عازمین کے لیے ٹھنڈا پانی اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پانی کی پھوار والی پنکھے ایک بڑی نعمت ہیں۔
حج 2026 کے لیے سعودی رائل کمیشن برائے مکہ اور مقدس مقامات کے تحت “کدانہ ڈیویلپمنٹ کمپنی” غیر منافع بخش شعبے کے اشتراک سے اپنے خصوصی آپریشنل اقدامات کے تحت مِسٹ سسٹم اور پانی کے سپلائی سسٹم پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس کا مقصد عازمین حج کو سکون فراہم کرنا اور حج سیزن کے دوران اُن کے روحانی تجربے کے معیار کو بڑھانا ہے۔

یہ مِسٹ سسٹم پانچ آپریشنل اسٹیشن پر مشتمل ہے جہاں چھ ہزار سے زائد مِسٹ کالم موجود ہیں جو فی گھنٹہ 1500 میٹر کی کیپیسیٹی پیدا کر رہے ہیں۔ انہیں ماحول کو ٹھنڈا رکھنے اور مقدس مقامات پر درجہ حرارت کم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جس سے عازمین کے لیے موزوں ماحول پیدا ہوتا ہے تاکہ وہ اپنی عبادات آسانی اور اطمینان سے کر سکیں۔ پانی کے سپلائی سسٹم میں پانچ اسٹیشن موجود ہیں جو 25 ہزار سے زائد ٹھنڈے پانی کے نکلے فراہم کر رہے ہیں جنہیں حکمت عملی کے ساتھ کئی مقامات پر لگایا گیا ہے تاکہ عازمین حج کے لیے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اس سے عازمین کی خدمات میں اضافہ ہوتا ہے اور عازمین کے لیے ایک پُرسکون ماحول پیدا ہوتا ہے۔
یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
