
ریاض ۔ کے این واصف
تیل کی دولت مالامال مملکت مین تیل اور گیس کے مزید نئے ذخائر دریافت۔ ملک کی اقتصادی ترقی کے ساتھ نئے روزگار کے مواقع سامنے آئین گے۔ وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی آئل کمپنی ’ “آرامکو” کی ٹیموں نے مشرقی ریجن اور ربع الخالی کے صحرائی علاقے میں تیل اور قدرتی گیس کے مزید 14 ذخائر دریافت کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق وزیر توانائی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو اس کامیاب دریافت پر مبارک باد ارسال کی ہے۔ شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے دریافت ہونے والے تیل کے کنوؤں کے حوالے سے مزید بتایا کہ مشرقی ریجن کے کنوئیں “الجبو 1” سے تیل کا اخراج بہت کم یعنی یومیہ 800 بیرل کے مساوی تھا جبکہ صیاھد آئل فیلڈ سے 630 بیرل یومیہ تیل دریافت ہوا ۔
وزیر موصوف نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ دریافتوں کے بعد عیفان آئل فیلڈ کے کنوئیں “عیفان 2” سے یومیہ 2840 بیرل جبکہ وہاں سےیومیہ 0.44 ملین کیوبک فٹ قدرتی گیس حاصل کی جارہی ہے۔ الجبیلہ کے البری آئل فیلڈ کے کنوئیں سے 520 بیرل یومیہ کی شرح سے ہلکے بہاؤ کے ساتھ دریافت ہونے والے کنوئیں سے 0.2 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس بھی موجود ہے۔
وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ دریافت ہونے والے آئل و گیس کے ذخائر عالمی توانائی کے شعبے میں اس حوالے سے مملکت کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرتی ہیں جس سے اقتصادی ترقی کے نئے در کھلیں گے۔