کے ای واصف
زائرین حرمین شریفین کی سہولتون میں اضافے کا سلسلہ جاری۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی مذہبی امور کے انتظامیہ نے عمرہ زائرین اور دیگر آنے والوں کے لیے مذہبی، آگاہی اور رہنمائی کی خدمات اور مستند معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے جدید ترین سمارٹ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سہولیات فراہم کی ہیں۔ یہ تمام ٹیکنالوجی تک رسائی میں تیزی، مواد کے اعلیٰ معیار اور زائرین کی دیکھ بھال کا بہترین امتزاج پیش کرتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس ڈیجیٹل سسٹم میں انٹرایکٹیو اسکرینیں، جدید ٹیکنالوجی سے لیس فیلڈ سینٹرز اور ایک سمارٹ الیکٹرونک لائبریری شامل ہے۔ جس کے ساتھ ساتھ ترجمہ کاری کی خدمات، رہنمائی پر مبنی مواد، مذہبی کتب اور پبلیکیشنز بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہ تمام سہولیات حرمین شریفین آنے والے زائرین کی مختلف زبانوں اور ثقافتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طریقوں سے مذہبی معلومات پیش کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
بہت سی زبانوں میں معلومات کی فراہمی اس پورے نظام کا ایک اہم ستون ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے آگاہی اور رہنمائی کے پیغامات اور مواد کو دنیا بھر کی کئی اہم بین الاقوامی زبانوں میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ تمام زائرین کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
یہ جدید اقدامات زائرین کے حرمین شریفین پہنچنے کے پہلے لمحے سے ہی ان کے روحانی سفر اور تجربے کو مزید سہولت بخش اور خوشگوار بناتے ہیں۔
