جدّہ
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (اموبا) جدہ کی کی حسبِ روایت تنظیم جدید باضابطہ انتخابات عمل میں آئی۔ عہدیداران کے اسمائے گرامی، ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن صدر، رب نواز خان نائب صدر، اثر رسول جنرل سکریٹری، محمد دانش جوائنٹ سکریٹری، ڈاکٹر امیس انصاری خازن۔ نیز ایگزیکٹو کمیٹی میں عابد حسین آفتاب، عدنان شعیب، ارشد عالم خان، ڈاکٹر ابرار احمد، فہد آفریدی، فہد ایوب زنجانی، محمد عمران صدیقی، محمد منوّر اور وزیر خان شامل ہیں۔
نو منتخب اراکین (2026–2028) کی حلف برداری تقریب کا انعقاد بھی عمل میں آیا۔ نئی کمیٹی کے اراکین نے قونصل جنرل ہند جدّہ سے خیرسگالی ملاقات بھی کی۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (AMUOBA) جدہ کی نومنتخب کمیٹی کی باضابطہ حلف برداری 21 جون 2026 ایک نہایت پر وقار تقریب میں ہوئی۔ جس میں سینئر علیگز، سابق صدور، الیکشن کمشنرز، معزز مہمانوں اور ایسوسی ایشن کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری فہد ایوب زنجانی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر مقررین اور شرکاء نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ایسوسی ایشن کی روایات کو مزید مضبوط بناتے ہوئے علیگ برادری کی خدمت میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
افتتاحی خطاب میں نو منتخب صدر ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن نے ایسوسی ایشن کے آئندہ لائحۂ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے خدمت، اتحاد، پیشہ ورانہ ترقی اور سماجی ذمہ داری کو اپنی ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے سر سید احمد خاں کے تعلیمی و سماجی افکار کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے تمام اراکین پر زور دیا کہ وہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے تنظیم کو مزید فعال اور مؤثر بنائیں۔
تقریب کی نظامت جنرل سیکریٹری اثر رسول نے انجام دی، جبکہ الیکشن کمشنر نیّر ممتاز نے انتخابی عمل اور نامزدگیوں کی تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ سینئر الیکشن کمشنر امتیاز احمد نے اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے نومنتخب ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر نائب صدر رب نواز خان نے مؤثر انداز میں اظہارِ تشکر پیش کیا اور تقریب کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد نئی کمیٹی نے عزت مآب جناب فہد احمد خان سوری، قونصل جنرل ہند، جدہ سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس تفصیلی
ملاقات کے دوران قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ اموبا جدہ علیگ برادری کی علمی، پیشہ ورانہ اور عالمی سطح پر موجود صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے بالخصوص ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق، اختراع، صنعت و تجارت، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔
ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت صدر ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء الحسن نے کی۔ وفد میں جنرل سیکریٹری اثر رسول، مشیر انجینئر عقیل جمیل، کابینہ کے اراکین اور سینئر پیشہ ور شخصیات، جن میں ایڈووکیٹ محمد منور، ارشد عالم خان، محمد عمران صدیقی، وزیر خان اور عدنان شعیب شامل تھے۔
وفد نے نئی مجلسِ عاملہ کے وژن اور آئندہ کے منصوبوں سے قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ روابط کے فروغ، نوجوانوں کی رہنمائی اور دونوں ممالک کی ترقی میں ہندوستانی برادری کے مثبت کردار کو مزید مؤثر بنانے جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
قونصل جنرل نے نئی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ قونصل خانہ ہندوستانی شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ہر مثبت اقدام میں اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ قونصل خانہ، اموبا جدہ کے ساتھ مل کر کمیونٹی ویلفیئر اور ہند، سعودی عرب تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتا رہے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے باہمی تعاون کا عزم کا کیا گیا۔
