ریاض ۔ کے این واصف
انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈیویلپمنٹ (آئی ایم ڈی) اسمارٹ سٹی انڈیکس 2026 میں سعودی عرب کے 8 شہروں نے نمایاں کارکردگی ریکارڈ کی ہے۔
ریاض 27ویں پوزیشن سے عالمی سطح پر24 ویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ مکہ مکرمہ 50ویں، جدہ 55ویں، مدینہ منورہ 67 ویں اور الخبر 64 ویں نمبر پر ہے۔ العلا، رینکنگ میں 112ویں سے 85ویں پوزیشن پر آ گیا جو اس کے ترقیاتی اور سیاحتی منصوبوں میں تیز رفتار پیشرفت کی علامت ہے۔ اسمارٹ سٹی انڈیکس 2026 میں حائل اور حفر الباطن کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا۔ 148 شہروں میں حائل 33ویں جبکہ حفر الباطن 100ویں نمبر پر رہا۔ اسمارٹ سٹی انڈیکس میں زیورخ سرفہرست ہے، اوسلو دوسرے جبکہ جنیوا تیسرے نمبر پر ہے۔
اسمارٹ سٹی انڈیکس اس بات کی جانچ کرتا ہے کہ شہر کس طرح خدمات کے بارے میں رہائشیوں کے تصورات، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور روزمرہ زندگی پر ان کے اثرات کی بنیاد پر جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہیں۔
یہ نتائج شہری خدمات کے فروغ، اسمارٹ اور پائیدار شہروں کی تعمیر کے لیے مملکت کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں جو معیار زندگی کو بہتر اورعالمی مسابقت کو مضبوط بناتے ہیں۔ یاد رہے سعودی عرب 2026 کو مصنوعی ذہانت کے سال کے طور پر منا رہا ہے۔

