کے این واصف
حرمین شریفین میں ماہ رمضان میں زائرین کی تعداد موسم حج سے زیادہ ہوتی ہے۔ انتظامیہ قبل از وقت حرمین اور دیگر مقامات میں زائرین کے لئے خصوصی انتظامات میں جٹ جاتا ہے۔
سعودی وزیر صحت فہد عبدالرحمن الجلاجل نے استقبال رمضان پروگرام کے تحت مدینہ منورہ ریجن کے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی خدمات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق وزیرصحت نے حج وعمرہ نگران کمیٹی برائے ریجنل صحت کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی۔
انہوں نے صحت پروگرام کے حوالے سے ماہ رمضان کے دوران زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ بھی لیا۔
وزیر صحت نے طبی اداروں کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جن میں انتہائی نگہداشت یونٹس، ہنگامی سروسز و دیگر یونٹس شامل تھے۔
مدینہ منورہ میں 198 صحت ادارے موجود ہیں جن کے ذریعے 2.1 ملین سے زائد افراد کو اعلی معیار کی طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد زائرین اور عام افراد کو بروقت طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ امور صحت کے اداروں میں اضافی عملہ بھی تعینات کیا جاتا ہے۔
