
حیدرآباد ۔ کے این واصف
میڈیا اپنی وساطت کا استعمال کرتے ہوئے اقلیتوں، خصوصاُ مسلم طبقہ کو تلنگانہ مائنارٹیز فینانس کارپوریشن کی جانب فراہم کردہ مالی سہولتوں سے استفادہ کی ترغیب دیں۔ تلنگانہ حکومت نے کارپوریشن کو بطور قسط اول 850 کروڑ روپئے کا فنڈ فراہم کیاہے۔ اور اتنی ہی رقم نومبر 2025 میں بطور دوسری قسط کارپوریشن کو ادا کرے گی۔ اب یہ اقلیتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اِظہار تقریب کے مہمان خصوصی چیرمین تلنگانہ مائنارٹیی فینانس کارپوریشن جناب عبید اللہ کوتوال نے اپنے کلیدی خطاب میں کیا۔ وہ انٹرنیشنل جرنلسٹ فریٹرنٹی فورم IJFF کے زیراہتمام منعقد دسویں سالانہ این آر آئیز میٹ و عید ملن تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے بیرون ملک برسرِ کار ہندوستانیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ملک کے لئے اثاثہ ہیں۔ کوتوال نے یہ بھی کہا کہ وطن واپس ہوئے این آر آئیز بھی کارپوریشن کی فراہم کردہ مالی اعانت اور سبسیڈی پر منظور کئے جانے والے قرضوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
تقریب کا آغاز قاری محمد فیض غوری کی قراءت کلام پاک سے ہوا، جبکہ مولانا حافظ ریاض احمد قادری حسامی نے نعت مبارکہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ گلوبل پریسیڈنٹ IJFF و ناظم تقریب ڈاکٹر محمد آصف علی نے ابتدائی کلمات ادا کئے، جس میں اُنہوں نے فورم کے قیام اور اِس کے دنیا بھر میں پھیلے مختلف چیاپٹرز پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ عید ملن کے ساتھ "این آر آئیز مِیٹ” منعقد کرنے کا مقصد مختلف ممالک میں رہنے والے تارکین ہند کو ایک پلیٹ فارم پر لاتےہوئے اُنہیں جوڑنا ہے، جن میں بین الاقوامی صحافی بھی شرکت کرتےہیں۔ جوائنٹ سکریٹری فورم ڈاکٹر مختار احمدفردین نے مہمانان کا خیرمقدم کیا اور فورم کے اغراض و مقاصد اور کاکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس تقریب سے مہمانانِ خصوصی پروفیسر محمد فریاد، ڈین اور صدر شعبہ صحافت و تعلقاتِ عامہ مولانا آزاد بیشنل اردو یونیورسٹی اور ڈاکٹر اشرف علی صدر IJFF سعودی چیاپٹر نے بھی خطاب کیا۔ محمد فریاد نے کہا کہ میڈیا ایک عظیم طاقت ہے، وہ اقوام کی رہنمائی و ذہن سازی کرسکتا ہے۔ وہ ملکوں کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ انہوں نے ایک مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہ لحاظِ رقبہ چھوٹے ملک قطر کو صحافتی ادارہ “الجزیرہ” کی وجہ سے اہمیت حاصل ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے سمینار ہال میں منعقدہ اس تقریب میں سعودی عرب، آسٹریلیا، قطر، عمان، کوویت اور دیگر ممالک کے این آر آئیز اور مقامی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹرمحمد آصف علی نے بتایا کہ اگلے ماہ IJFF کے آسٹریلیا چیاپٹر کا آغاز عمل میں آئے گا۔ اس تقریب میں مہمانوں کے علاوہ سینئر صحافی ایم آر غوری، امجد حسین زبیر جنرل سکریٹری بزمِ اتحاد حیدرآباد چیاپٹر کے علاوہ عُمر مسقطی حالِ مقیم ایڈیلیڈ آسٹریلیاء کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ سرپرستِ اعلی آئی جے ایف ایف علیم خان کے ہدیہ تشکر پر اس تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔ تقریب میں سعودی عرب چیاپٹر کے اہم اراکین بشمول خازن محمد اسماعیل حسن عامر، باسط ابو معاذ کے علاوہ ایڈوائزر سینئر صحافی کے این واصف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
