از جمیل احمد، ریاض سعودی عرب
انسان جب دنیا میں آنکھ کھولتا ہے تو اسے کسی زبان کا علم نہیں ہوتا۔ وہ اپنی ماں کی آواز سنتا ہے، والدین سے الفاظ سیکھتا ہے اور رفتہ رفتہ اسی زبان میں سوچنا، سمجھنا اور اپنے جذبات کا اظہار کرنا شروع کر دیتا ہے۔ زبان صرف گفتگو کا وسیلہ نہیں بلکہ انسان کی شخصیت، فکر، تخیل، تہذیب اور شناخت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا فرمایا، اسے علم عطا کیا اور بیان کی صلاحیت بخشی۔ سورۂ رحمٰن میں ارشاد ہے:
اَلرَّحْمٰنُ عَلَّمَ الْقُرْاٰنَ خَلَقَ الْاِنْسَانَ عَلَّمَهُ الْبَيَانَ۔**
ترجمہ: رحمٰن نے قرآن کی تعلیم دی، انسان کو پیدا کیا اور اسے بیان کرنا سکھایا۔ (الرحمٰن: 1 تا 4)
اسی طرح سورۂ علق میں اللہ تعالیٰ نے قلم کے ذریعے علم سکھانے کا ذکر فرمایا۔ سوال یہ ہے کہ ہم قلم سے کیا لکھتے ہیں؟ اپنے خیالات، اپنے علم اور اپنے تجربات کو کسی زبان ہی میں لکھتے ہیں۔ ہم اردو میں پڑھتے ہیں، اردو میں لکھتے ہیں، اردو میں سوچتے ہیں اور اردو کے ذریعے اپنے خیالات دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔ اس لیے زبان اللہ کی عطا کردہ علم و بیان کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ زبان ایک ذریعہ ہے اور اصل کامیابی اس کے درست استعمال میں ہے۔ تلوار خود انسان کو نہیں بچاتی، لیکن اسے چلانے کا ہنر آ جائے تو وہ دفاع کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ کراٹے اور باکسنگ بھی بذاتِ خود منزل نہیں، لیکن ان کی تربیت انسان کو قوت اور دفاع کی صلاحیت دیتی ہے۔ اسی طرح قلم اور زبان بھی ذریعہ ہیں۔ قلم سے کوئی حق لکھتا ہے اور کوئی غلط بات؛ زبان سے کوئی اصلاح کرتا ہے اور کوئی فساد۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ہم انہیں کس مقصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اردو نے برصغیر کی تہذیب، ادب، تاریخ اور دینی زندگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فارسی، عربی، ترکی اور مقامی زبانوں کے میل جول سے اس کا ادبی سرمایہ وسیع ہوا۔ میر، غالب، اقبال، حالی، اکبر الہ آبادی، فیض اور جگر جیسے شعراء نے اسے ادبی عظمت عطا کی۔ مولانا ابوالکلام آزاد، شبلی نعمانی، سید سلیمان ندوی اور دیگر اہلِ علم نے اردو میں علمی و دینی خدمات انجام دیں۔
قرآنِ مجید عربی زبان میں نازل ہوا۔ عربی قرآن کی اصل زبان ہے اور اسے سیکھنے کی اپنی اہمیت ہے۔ لیکن جو لوگ عربی نہیں جانتے، وہ اردو ترجمے اور تفسیر کے ذریعے قرآن کے مفہوم کو سمجھتے ہیں۔ یوں اردو ہمارے لیے قرآن کے پیغام کو سمجھنے، اس پر غور کرنے اور اس کی تعلیمات کو زندگی میں نافذ کرنے کا ایک اہم ذریعہ بنتی ہے۔
ہم اکثر کہتے ہیں کہ ہمیں اردو کو بچانا ہے، لیکن یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ اردو کے ذریعے حاصل ہونے والا علم، شعور، تربیت اور تہذیبی سرمایہ ہماری نسلوں کو سنوارنے اور ہماری شناخت محفوظ رکھنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ اس لیے ہمیں اردو کو پڑھنا، لکھنا، سکھانا اور نئی نسل تک پہنچانا چاہیے۔
اردو کا تعلق ہماری آخرت کی تیاری سے بھی ہے۔ جنت میں داخلہ کسی زبان کے بولنے سے نہیں بلکہ ایمان، عملِ صالح اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ہوگا۔ لیکن نیک اعمال کا علم بھی تو ہمیں تعلیم، مطالعے اور نصیحت کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ جب ہم اردو میں اچھی باتیں پڑھتے ہیں، قرآن و حدیث کا مفہوم سمجھتے ہیں اور نیکی کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
صحیح بخاری: ؛ صحیح مسلم سے ثابت ہے زبان کی اصل عظمت یہ ہے کہ وہ انسان کو علم تک پہنچائے اور علم انسان کو عمل کی طرف لے جائے۔ پھر وہ عمل اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا ذریعہ بنے۔
ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ اردو کے ذریعے علم حاصل کریں، قرآن و سنت کو سمجھیں، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں، اچھے اخلاق اپنائیں اور اپنی زندگی کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں۔
یوں اردو ہماری آخرت کی کامیابی کا براہِ راست سبب نہیں، لیکن اس کامیابی کے لیے ضروری علم، نصیحت اور تربیت حاصل کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ضرور بن سکتی ہے۔
یومِ اردو کا پیغام یہی ہے کہ اردو کو صرف تقریروں اور مشاعروں تک محدود نہ رکھا جائے۔ اسے گھروں، تعلیمی اداروں، کتابوں، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی میں جگہ دی جائے۔ نئی نسل کو اردو میں پڑھنے، لکھنے اور سوچنے کا موقع فراہم کیا جائے۔
اللہ تعالیٰ نے ہمیں پیدا فرمایا اور دنیا کے مختلف خطوں میں آباد کیا۔ انسان جس جغرافیائی ماحول میں آنکھ کھولتا ہے، عموماً اسی ماحول کی زبان، تہذیب اور معاشرت سے اس کا ابتدائی تعلق قائم ہوتا ہے۔ اگر کوئی بچہ امریکہ میں پیدا ہو تو وہ وہاں کے ماحول میں انگریزی سیکھتا ہے، جاپان میں پیدا ہو تو جاپانی زبان سیکھتا ہے، عرب ممالک میں پیدا ہو تو عربی اس کی روزمرہ گفتگو کا حصہ بن جاتی ہے۔ اسی طرح ہم برصغیر، بالخصوص ہندوستان کے ماحول میں پیدا ہوئے، جہاں ہماری سماجی، تہذیبی اور باہمی رابطے کی زندگی میں اردو کو ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ہماری گفتگو، خط و کتابت، ادبی اظہار، جذبات اور باہمی رابطوں میں اردو نے ہماری رہنمائی کی ہے۔
اس لیے جب ہم اردو کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیں کسی دوسری زبان سے اختلاف یا تعصب ہے۔ ہم ہر زبان کا احترام کرتے ہیں، ہر زبان سے علم حاصل کرنے کو مفید سمجھتے ہیں، لیکن جس زبان میں ہم سوچتے ہیں، اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں، اپنے جذبات بیان کرتے ہیں اور جس کے ذریعے اپنی علمی و تہذیبی زندگی کو سمجھتے ہیں، اس کی خدمت کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
میں اردو کی بات اس لیے کر رہا ہوں کہ میں اردو داں ہوں۔ میری سوچ، میرا تخیل، میرے خیالات، میری تحریر اور میرے جذبات کا اظہار اردو میں ہوتا ہے۔ میں اسی زبان کو جانتا، سمجھتا اور اس کے ذریعے اپنے علم و تجربے کو دوسروں تک پہنچاتا ہوں۔ لہٰذا میری کوشش ہے کہ اردو کی ترقی، ترویج اور بقا کے لیے اپنا حصہ ادا کروں۔ یہی جذبہ ہر انسان میں اپنی مادری یا اپنی اختیار کردہ زبان کے لیے ہونا چاہیے۔
اردو ہماری روح کی صدا، ہماری تہذیب کی پہچان، ہماری زندگی کی دھڑکن اور ہماری نسلوں کے مستقبل کی امانت ہے۔ ہم اسے علم و تربیت کا ذریعہ بنائیں گے تو یہ ہماری شخصیت، ہماری نسلوں اور ہماری زندگیوں کو سنوارنے میں مددگار ہوگی، اور اس کے ذریعے حاصل کیا گیا نیک علم و عمل اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

جمیل احمد
