کے این واصف
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمنی صدارتی قیادت کونسل کے صدر ڈاکٹر رشاد محمد العلیمی کی درخواست پر سعودی عرب میں مقیم یمنی شہریوں کے قیام کو قانونی بنانے کے لیے اصلاح حال کی ہدایات جاری کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارتِ خارجہ، وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی اور سدایا تعاون کریں گی۔
یہ اقدام یمنی عوام کے لیے سعودی قیادت کی جانب سے جاری مسلسل تعاون اور برادرانہ موقف کا تسلسل ہے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اصلاح حال کے لیے یمنی شہریوں کا کارآمد پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ یمن سعودی عرب کی پڑوسی ریاست ہے۔ عرب دنیا میں یمنی باشندے بہترین تجارتی صلاحیت کے حامل مانے جاتے ہیں۔ یمنی لوگ دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی بحثیت تاجر آباد ہیں۔ سعودی مارکٹ پر بھی یمنی تاجرون کا بڑااثر ہے۔ یہان اس بات کا تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ آصف جاہی دور میں یمنی باشندون نے دکن کا رخ کیا تھا۔ اس دور میں نقلِ مکانی کرنے والے یمنی نژاد باشندے جو ہندوستانی شہری ہوگئے حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع میں خاصی تعداد میں موجود ہیں۔
