جدہ (پریس نوٹ)
ہندوستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ میں 15 اگست 2026 کو ایک پُروقار، پُرجوش اور یادگار تقریب منعقد ہوئی، جس میں تقریباً 600 افراد نے شرکت کی۔ ہندوستانی تارکینِ وطن، قونصلیٹ کے افسران و اہلکاروں اور ہندوستانی دوست شخصیات کی بھرپور شرکت نے تقریب کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ہندوستانی تہذیبی رنگ کا خوبصورت مظہر بنا دیا۔
عبدالرحمٰن مرزا بیک کے روانہ کردہ پریس نوٹ کے مطابق تقریب کا آغاز قومی نغمہ ’’وندے ماترم‘‘ کی گائیکی سے ہوا۔ اس کے بعد قونصل جنرل جدہ فہد احمد خان سوری نے قومی پرچم لہرایا، پرچم کشائی کے بعد قونصل جنرل نے یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ جمہوریہ ہند کے قوم کے نام خطاب کا متن پڑھ کر سنایا، جس میں ملک کی ترقی، عوامی فلاح اور قومی تعمیر کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل سوری نے ہندوستان کے ترقی، استحکام اور تبدیلی کے شاندار سفر کا ذکر کرتے ہوئے 2047 تک وکستت بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اجتماعی عزم اور مسلسل جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تیزی سے مضبوط ہوتی اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے مملکت میں مقیم تقریباً 27 لاکھ ہندوستانی باشندوں کی قابلِ قدر خدمات اور دونوں ملکوں کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے ہندوستانی برادری کو ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیا۔
تقریب میں ہندوستان کی ثقافتی پیش کش بھی نمایاں رہی۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے طلبہ اور ہندوستانی برادری کے ارکان نے حب الوطنی سے بھرپور نغمے پیش کیے، جنہوں نے ماحول کو مزید پُرجوش اور خوشگوار بنا دیا۔ یومِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ مختلف مقابلوں کے کامیاب شرکا کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔

تقریب میں مختلف ہندوستانی ریاستوں کے علاقائی کھانوں پر مشتمل خصوصی ضیافت بھی پیش کی گئی، جس نے ہندوستان کے وسیع اور متنوع ذائقوں کو اجاگر کیا۔
تقریب کا ایک اہم حصہ ’’ہر گھر ترنگا‘‘ نمائش تھی، جس میں ہندوستانی برادری، مہمانوں، قونصلیٹ افسران اور ان کے اہلِ خانہ نے بھرپور دلچسپی لی۔
