ریاض ۔ کے این واصف
سعودی تعمیراتی شعبہ کو ایک بڑی راحت کی امید بندھی۔ سعودی شوری کونسل کے ہفتہ وار اجلاس میں مختلف معاشی و تجارتی امور پر اہم سفارشات اور تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ کونسل نے تعمیراتی شعبے کے کارکنوں پرعائد فیس ختم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ اس سے سعودی تعمیراتی شعبہ کو بڑی مالی راحت حاصل ہوسکتی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے ل کے مطابق شوری کونسل نے پیر کو اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا اور تجاویز پیش کیں، جن کا مقصد قومی معیشت کو مستحکم اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
رکن شوری کونسل رائدہ ابونیان نے وزارت تجارت کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تعمیرات کے شعبے میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں پرعائد فیس کے خاتمے کا مطالعہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
ان کے مطابق اس اقدام سے رہائشی لاگت میں کمی سے شہریوں کو ریلیف اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
شوری کونسل نے متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے مسودوں کی بھی منظوری دی، جن میں سعودی جنرل اتھارٹی برائے سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز اور سلطنت عمان کی متعلقہ اتھارٹی کے درمیان تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔
