ریاض – محمد سیف الدین
ریاض میں مختلف سماجی، ثقافتی اور ادبی تنظیموں کے کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا برادری کے اراکین نے معروف صحافی کے این واصف کی طویل خدمات اور تعاون کو خراج تحسین پیش کیا۔ واضح رہے کہ جناب واصف ریاض، سعودی عرب میں پینتیس سال کا عرصہ گزار کر وطن لوٹ رہے ہیں۔
انٹرنیشنل جرنلسٹس فریٹرنٹی فورم (آئی جے ایف ایف)، سعودی چیپٹر نے اپنے مشیر، سینئر صحافی کے این واصف کو ایک متاثر کن تقریب میں زبردست الوداع کہا۔ کمیونٹی رہنماؤں نے سعودی عرب میں واصف کے شاندار صحافتی کیریئر کو یاد کیا۔ معروف صحافی کے این واصف نے سعودی عرب میں قیام کے دوران ہندوستانی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے اور سفارت خانہ ہند کی سرگرمیوں کے کوریج کے ذریعہ ہند سعودی تعلقات کے فروغ میں اہم رول ادا کیا۔
کے این واصف، جنہوں نے روزنامہ سیاست اردو، حیدرآباد سے اپنے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے دکن کرانیکل اور انڈین ایکسپریس کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔ 1992 میں ریاض آنے کے بعد انہوں نے تعمیراتی میگزین “البنا” سے منسلک ہوئے اور 2010 تک اس سے وابسطہ رہے۔ البنا میگزین میں اپنی میعاد کے دوران، وہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے نہ صرف گواہ رہے بلکہ اسے اپنے کیمرہ میں قید کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی زیادہ تر چھٹیاں وطن عزیز کے مختلف شہروں کا سفر کرتے ہوئے ہندوستان کی تاریخی یادگاروں کی تصویر کشی میں گزاردیں۔ ان تصاویر پر مبنی کافی ٹیبل بک "انڈیاز آرکیٹیکچرل ہیریٹیج” شائع ہوئی اور 2022 میں ہندوستانی سفارت خانے کے آڈیٹوریم میں اس وقت کے ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے اس کا رسم اجراء کیا تھا۔ ان میں سے بہت سی تصاویر سعودی عرب کی مختلف نمائشوں میں پیش کی گئیں۔ اس کتاب کا دوسرا ایڈیشن جلد ہی منظر عام پر آئے گا- ہندوستانی سفارت خانے کے عہدیداروں نے بھی متعدد مواقع پر ان کی خدمات کو تسلیم کیا کیونکہ ان تصویری نمائشوں نے ہندوستانی سیاحت کے لئے سعودی اور ہندوستانی شہریوں میں یکساں طور پر راغب کیا۔
سعودی عرب میں قیام کے دوران انہوں نے روزنامہ سیاست کے لیے ہفتہ وار کالم لکھا جس میں ہندوستانی تارکین وطن کی سرگرمیوں اور مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ کے این واصف کا یہ کالم باقاعدگی سے 25 سال سے زیادہ عرصہ تک شائع ہوا، یہ ایک بڑا اعزاز شائد ہی کسی صحافی کے حصہ میں آیا ہو۔
آئی جے ایف ایف سعودی چیاپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ کے این واصف کی الوداعی تقریب میں نہ صرف مختلف کمیونٹی رہنماؤں کی تقاریر پیش کی گئیں بلکہ انہیں بھرپور شاعرانہ خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ ان کے مداحوں نے بالی ووڈ کے مشہور گیت بھی گائے جن میں دوستی اور بچھڑنے سے متعلق گیت شامل تھی۔
مہمان خصوصی، پراواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ یافتہ ممتاز سماجی کارکن شہاب کوتوکوڈ نے کہا کہ تارکین وطن کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ خود سماجی خدمات انجام دینا۔ واصف کی تحریروں نے مختلف مسائل کو ہندوستانی سفارت خانے کے متعلقہ حکام کے علم میں لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مہمان خصوصی ممتاز تاجر اور راجستھانی کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر ادریس سلیم گور نے واصف کو شاندار خراج تحسین کرتے یوئے انہیں قلم کا مجاہد اور حقیقی ہیرو قرار دیا کیونکہ وہ اسے سماجی برائیوں کے خلاف لڑنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ایک اور پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر انور خورشید نے کے این واصف کو ان کی طویل خدمات کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔
اردو کے ممتاز شعراء افتخار راغب، عبدالرحمن عمری اور حسان عارفی نے زبرست خراج تحسین پیش کیا۔ جہاں مقررین نے کے این واصف کی لگن، سادگی، انکساری، نظم و ضبط، وقت کی پابندی جیسے اوصاف کو یاد کیا تو وہیں ممتاز شاعر افتخار راغب نے زبردست تالیوں کی گونج میں کے این واصف کو “کوہ نور واصف” کے لقب سے نوازا۔
اس موقع پر سابق صدر جامعہ ملیہ اسلامیہ الومنائی ایسوسی ایشن ریاض، سید آفتاب علی نظامی، راجستھان کمیونٹی ریاض ٹیم کے رکن نثار بھارو، آل انڈیا اسٹیئرنگ کمیٹی کے رکن ڈی ٹی ایم محمد مبین، نائب صدر آل انڈیا یونائیٹڈ سوسائٹی، نعیم عبدالقیوم، جوائنٹ سکریٹری آئی جے ایف ایف اور صدر بزم فروغ اردو، باسط ابومعاذ ، صدر گلوبل جھارکھنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، مسز شہزین ارم، صحافی سعود رحمان، ڈاکٹر دلشاد احمد، ڈاکٹر سعید محی الدین، ایڈیٹر TimesofNRIS.com اور ڈاکٹر تنویر عالم نے بھی خطاب کیا۔ آئی جے ایف ایف کی ٹیم اور معززین نے کے این واصف کو روایتی سعودی بشت سے مزین کیا۔ آل انڈیا یونائیٹڈ سوسائٹی کے اراکین، باسط ابو معاز اور مسز شہزین ارم نے کے این واصف کو گلدستے اور شالیں پیش کیں۔ آئی جے ایف ایف کے ایگزکیوٹیو ممبر فاروق رضا نے کے این واصف اور دیگر معززین کو خصوصی طور پر تیار کردہ پھول کے ہار پہنائے۔
صدر، IJFF KSA چیپٹر ڈاکٹر محمد اشرف علی نے خیرمقدم کیا اور واصف صاحب سے دیرینہ تعلقات کاذکر کیا اور ان کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔ خازن آئی جے ایف ایف اسماعیل حسن عامر نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ عبدالرحمن عمری نے تلاوت کلام پاک کی۔
عمر بیگ، ڈاکٹر سعید محی الدین اور اسماعیل حسن عامر نے بالی ووڈ کے مشہور گیت پیش کیے۔
