جدہ – اردو اکیڈمی جدہ کے زیرِ اہتمام 26واں یومِ قومی تعلیم 2026 شایانِ شان طریقے سے منایا گیا؛ تقریری مقابلے، تمثیلی مشاعرہ اور ’’پرورش‘‘ اسٹیج ڈرامہ اور دیگر پروگرامس کا انعقاد۔
جدہ، سعودی عرب (بذریعہ ای میل): اردو اکیڈمی جدہ کے زیرِ اہتمام 26ویں یومِ قومی تعلیم کی تقریب کا قونصل خانہ ہند، جدہ سعودی عرب کے احاطہ میں انعقاد عمل میں آیا۔عزت مآب فہد احمد خان سوری قونصل جنرل ہند، جدہ نے مہمانِ خصوصی اورمحترم محمد شبیر قونصل تجارتی اموروپی آئی سی۔ قونصل خانہ ہند جدہ‘محترم عبد القدیر حسن صدیقی سرپرست اُردواکیڈمی اور ڈاکٹرمحمد اسلم چئیرمین آئی آئی ایس جی منیجنگ کمیٹی نے مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی-
تقریب کا آغاز حافظ محمد نظام الدین غوری، خازن اردو اکیڈمی جدہ کی تلاوتِ کلامِ پاک اور محترم سید محمد خالد حسین مدنی نائب صدراردو اکیڈمی جدہ کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے طلبہ و طالبات نے پُرجوش اور دلنشیں انداز میں قومی ترانہ اور خوبصورت ملی نغمہ پیش کرکے تقریب کے ماحول کو حب الوطنی کے جذبات سے معمور کردیا۔ محترم سید محمد خالد حسین مدنی نےخطبہ استقبالیہ پیش کیا۔محترم سید نعیم الدین باری نے تمام مہمانوں کو استقبال کیا ۔
تقریب کے مرکزی ناظم کی ذمہ داری ڈاکٹر خواجہ یمین الدین نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیں۔ انگریزی اور اردو تقریری مقابلوں کی نظامت بالترتیب ماسٹر سید عبد الکریم قادری اور ماسٹر خواجہ راید الدین نے جبکہ تمثیلی مشاعرہ کی نظامت مشہور شاعرمحترم اطہر اسلوبی نے عمدہ انداز میں انجام دی۔
قونصل جنرل نے اپنے جامع اور بصیرت افروز خطاب میں مولانا ابوالکلام آزاد کی گراں قدر تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے ہندوستان کے 2047ء تک ترقی یافتہ ملک بننے کے وژن، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اردو، ہندی، تمل، تلگو، بنگالی اور دیگر ہندوستانی زبانیں ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ زبان انسان کے سوچنے، سمجھنے، سیکھنے اور اپنے خیالات کے اظہار کے انداز کو تشکیل دیتی ہے۔ اردو کا ادبی اور تہذیبی ورثہ نہایت خوبصورت اور قابلِ فخر ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل اپنی زبان اور ثقافت سے وابستہ رہتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدانوں میں بھی آگے بڑھے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نوجوان اپنی تہذیبی جڑوں سے وابستہ رہ کر نئے سوالات اٹھائیں گے، علم حاصل کریں گے اور 2047ء کے ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اردو اکیڈمی جدہ کے صدر حافظ محمد عبدالسلام نے اپنے خطاب میں مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے ساتھ والدین اور اساتذہ کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اردو اکیڈمی جدہ کی سرگرمیوں پر بھی مختصراً روشنی ڈالی اور بتایا کہ اکیڈمی ۱۹۹۸ء سے اردو زبان و ادب کے فروغ اور تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے سرگرمِ عمل ہے ۔




محترمہ آمنہ خاتون علیزئی، معلمہ، انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ (IISJ) نے قومی تعلیمی پالیسی ۲۰۲۰ء (NEP 2020) کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس کے اہم نکات و خصوصیات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ اردو اکیڈمی جدہ کے رکنِ عاملہ جناب غلمان رضا نے ’’اردو کی اہمیت: علم، ہنر اور روزگار کے نئے امکانات‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے حوالے سے اردو کے ذریعے اعلیٰ تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع پر روشنی ڈالی۔اردو اکیڈمی جدہ کے صدرحافظ محمد عبدالسلام‘ نائب صدرسید خالد حسین مدنی‘معتمد سید نعیم الدین باری اور دیگر عہدیداران کے ہاتھوں اکیڈمی کی 26ویں سالانہ خصوصی سووینئر کی رسمِ اجرا انجام دی گئی۔ یہ سووینئر محترم شیخ ابراہیم صاحب، سرپرست اردو اکیڈمی حیدرآباد چیپٹر کی ادارت میں تیار کی گئی ۔
اس تقریب میں اردو اکیڈمی جدہ کے صدر و رکنِ تاسیس حافظ محمد عبدالسلام صاحب کو1998 سے اکیڈمی کے قیام، فروغ اور علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں برائے مثالی قیادت و خدمات، اعترافِ خدمات ایوارڈ پیش کیا گیا۔ موصوف 2020ء سے بحیثیتِ صدر اپنی مخلصانہ کاوشوں اور مثالی قیادت کے ذریعہ اکیڈمی کی ترقی و استحکام میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں-
بعد ازاں تقریب میں والدین کے احترام اور ان کی اہمیت کے موضوع پر ایک خصوصی نظم بھی پیش کی گئی اور اسکے علاوہ انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی ٹیچر محترم فرزانہ بیگم کی نگرانی میں ’’پرورش‘‘ کے عنوان سے ایک بامقصد اسٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا، جس میں والدین کی تربیت، بچوں کی پرورش اور والدین کے مختلف رویّوں کے اثرات کو مختلف زاویوں سے اجاگر کیا گیا جسکو حاضرین نے سراہا۔
اس موقع پر تقریری مقابلوں میں طلبہ و طالبات نے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں اپنی لسانی مہارت، فصاحت و بلاغت اور خطابت کی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مختلف تعلیمی، سماجی اور عصری موضوعات پر پیش کی گئی ان کی پُراثر اور دلنشیں تقاریر نے حاضرین کو متاثر کیا اور خوب داد و تحسین حاصل کی۔ مقابلوں کے منصفانہ اور معیاری انعقاد کے لیے ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل سے وابستہ تجربہ کار منصفین نے خدمات انجام دیں۔
ٹی ایم ارشد اے۔ جاوید چیف جج رہے جبکہ ڈی ٹی ایم ڈاکٹر خواجہ یمین الدین چیف کووآرڈینٹر تھے ۔ ڈی ٹی ایم ساجی کوریاکوس، ڈی ٹی ایم سمیر ویران،ٹی ایم محمد‘ ٹی ایم اسلم‘ ٹی ایم مہناز آفرین اور محترم سید افضل الدین ججس کے فرائض انجام دئے۔ انگریزی تقریری مقابلے کے طلبہ کے زمرے میں الفلاح انٹرنیشنل اسکول، الفلاح انٹرنیشنل اسکول ڈی پی ایس جدہ کے محمد عبداللہ خان نے پہلی، انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے سید خواجہ ریان الدین نے دوسری اور ا الفلاح انٹرنیشنل اسکول ڈی پی ایس جدہ کے شان طارق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ طالبات کے زمرے میں الفلاح انٹرنیشنل اسکول کی سارہ جنید نے پہلی، یکتی آنند ورما نے دوسری اور انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی اسراء اسلم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اردو تقریری مقابلے کے طلبہ کے زمرے میں انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے عبداللہ اجلال احمد نے پہلی، سید ایان الدین احمد قادری نے دوسری، جبکہ نوول انٹرنیشنل اسکول جدہ کے عبدالرحمن محمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ طالبات کے زمرے میں انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی زینب علی صدیقی نے پہلی، رفیدہ عبیر یمین الدین نے دوسری اور امت الخدیجہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کا ایک اور اہم حصہ تمثیلی مشاعرہ تھا، جس میں طلبہ و طالبات نے معروف شعراء کے کلام اور اندازِ سخن کی خوبصورت تمثیل پیش کرتے ہوئے ان کے ادبی و شعری رنگ کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ ان پیشکشوں کو حاضرین نے بے حد سراہا۔
تمثیلی مشاعرے کے طالبات کے زمرے میں انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی مریم فاطمہ نے پہلی، ہدیل عبد الکریم نے دوسری اور زویا منال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ طلبہ کے زمرے میں اسی اسکول کے رحمت اللہ خان نے پہلی، زکریا ایاز نے دوسری، جبکہ نوول انٹرنیشنل اسکول جدہ کے محمد سہیل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس مقابلہ کے ججس کے فرائض محترم انیس احمد ‘ محترم تاشفین سید‘ محترم عبدالخالق شاکر اور محترم سید افضل الدین نقشبندی نے کی جبکہ کے مقابلوں کے فائنل نتائج کی نگرانی حافظ ابوالحسن غوری نے کی ۔ تمام کامیاب طلبہ و طالبات، جج صاحبان ‘ اساتذہ ’ ڈرامہ کے فنکاروں اور دیگرکو اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
تقریب کے کامیاب انعقاد میں خصوصی طور پر اساتذہ و سرپرستوں سے روابط اردو اکیڈمی کے جوائنٹ کوآرڈینیٹر سید عبدالوھاب قادری نےاور دیگر انتظامی امور میں اراکینِ عاملہ محمد یوسف وحید، محمد یحییٰ، محترمہ سراج النساء،محمد عبدالمجیب صدیقی اور اعجاز احمد خان، کوآرڈینیٹر اسلم افغانی، حافظ نظام الدین غوری کی نگرانی میں دارالعلم کے رضاکاروں جن میں محمد حمایت علی‘ شرف الدین شرفی‘حافظ جمیل‘ حافظ مجتبیٰ ‘عبدالرحیم‘ حافظ ذیشان‘حافظ زبیر‘ حافظ فیضان‘حافظ عمر‘عبدالقدیر‘ نظیف عفاف ‘ محمد توصیف اور دیگر خیر خواہوں کی انتھک محنت، مخلصانہ تعاون اور نیک تمناؤں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان تمام افراد کی مسلسل کوششیں اور بھرپور تعاون تقریب کی کامیابی کا اہم ذریعہ ثابت ہوئے۔تقریب کی مکمل کارروائی اردو اکیڈمی جدہ کی میڈیا ٹیم کے ذریعہ اکیڈمی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر براہِ راست نشراور جناب شیخ علیم اے کے نیوز کی جانب سے کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ، معتمد، اردو اکیڈمی جدہ نے اظہارِ تشکر کیا۔ اس تقریب میں عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی-
