جدہ
اردو اکیڈمی جدہ، حال ہی میں اکیڈمی کے زیرِ اہتمام منعقدہ 26ویں یومِ قومی تعلیم 2026ء کی تقریب کے حوالے سے بعض ذرائع ابلاغ میں حقائق کی غلط ترجمانی کے پیشِ نظر یہ وضاحتی بیان جاری کرتی ہے۔
جناب محمد فیاض علی صاحب، چیئرمین المیزان ٹورز اینڈ ٹریولز کو پیش کیا جانے والا تحفہ محض خیرمقدمی اور خیرسگالی کا اظہار تھا۔ یہ نہ تو کوئی ایوارڈ تھا اور نہ ہی قونصل جنرل ہند، جدہ، یا اردو اکیڈمی جدہ کی جانب سے کسی قسم کا باقاعدہ اعزاز یا اعترافِ خدمات تھا۔
اکیڈمی کو اس بات پر تشویش ہے کہ اس خیرمقدمی تحفے کو بعد ازاں بالخصوص انڈین جرنلسٹ نامی میڈیا چینل کے ذریعے جس انداز میں پیش کیا گیا، اس سے ایک گمراہ کن تاثر پیدا ہوا۔ تصاویر کے ساتھ قونصل جنرل ہند اور اردو اکیڈمی کے عہدیداران کے ناموں اور سرکاری عہدوں کا حوالہ دے کر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی کہ مذکورہ شخصیت کو ان اداروں کی توثیق اور سرپرستی میں باقاعدہ ایوارڈ یا اعزاز سے نوازا گیا ہے، جو حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔
مزید برآں، اس تقریب کو اس انداز میں پیش کیا گیا گویا اس کا انعقاد جناب محمد فیاض علی صاحب کو ان کی حیثیت بطور خادم الحجاج خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہو۔ یہ تاثر بھی سراسر غلط ہے۔ یہ پروگرام خصوصی طور پر 26ویں یومِ قومی تعلیم 2026ء کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد تعلیم کے فروغ اور اردو زبان و ادب کی ترویج تھا۔ کسی بھی فرد کو خادم الحجاج کی حیثیت سے اعزاز یا پذیرائی دینا نہ تو اس پروگرام کے دائرۂ کار میں شامل تھا اور نہ ہی اس کا کوئی ارادہ تھا۔
اردو اکیڈمی جدہ حقائق کی اس غلط ترجمانی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور ایسے تمام دعووں اور تشہیری سرگرمیوں سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتی ہے، خواہ وہ انڈین جرنلسٹ، کسی دوسرے ذرائع ابلاغ یا کسی بھی اور ذریعے سے سامنے آئی ہوں۔ جناب محمد فیاض علی صاحب کو قونصل جنرل ہند، جدہ، یا اردو اکیڈمی جدہ کی جانب سے کسی باقاعدہ ایوارڈ یا اعزاز سے نوازے جانے کا دعویٰ سراسر خلافِ حقیقت ہے۔
اکیڈمی ایسی کسی بھی تشہیر سے بھی مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے جس میں قونصل جنرل ہند یا اردو اکیڈمی کے عہدیداران کے ناموں، تصاویر اور سرکاری عہدوں کو استعمال کرکے کوئی گمراہ کن تاثر پیدا کیا گیا ہو۔
اردو اکیڈمی جدہ، قونصل جنرل ہند، جدہ، کے ادارے کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ یہ وضاحتی بیان صرف حقائق کی درستگی اور تمام متعلقہ اداروں کے وقار، ساکھ اور تشخص کے تحفظ کے پیشِ نظر جاری کیا جا رہا ہے۔
جاری کردہ: اردو اکیڈمی، جدہ
