حیدرآباد ( را ست)
“فولس پیراڈائز کلچرل سوسائٹی” کے زیر اہتمام اردو ہال حمایت نگر میں ڈاکٹر معین امر بمبو کے مزاحیہ شعری مجموعہ “بیگن کی شاعری” کی رسم اجراء بدست پروفیسر ایس اے شکور، ڈائریکٹر دائرۃ المعارف عمل میں آئی۔ صدر جلسہ پروفیسر ایس اے شکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیگن حیدرآبادیون کا تکیہ کلام بن چکا ہے وہ ہر بات میں بیگن شامل کر دیتے ہیں حالانکہ بیگن ایک ترکاری کا نام ہے لوگ بگھارے بیگن، بیگن کا بھرتا مزے لے کر کھاتے ہیں لیکن گفتگو میں اس کا استعمال معیوب سمجھا جاتا ہے۔ انھون نے کہا کہ کتاب کے سرورق بڑا معنی خیز ہے۔ موجودہ دور میں کتابوں کی کم ہوتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ابتدا میں ڈاکٹر جاوید کمال نے طنز و مزاح سے بھرپور انشائیہ پیش کیا۔ انہوں نے معین امر بمبو کی بیگن کی شاعری کے سلسلہ کو اکبر اعظم اور بیربل کے واقعہ سے جوڑ دیا اور محمد قلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاں کہ محمد قلی قطب شاہ نے بھی ترکاریوں پر نظمیں لکھی تھیں اسی سے متاثر ہو کر معین امر نے اپنے مجموعہ کا نام بیگن کی شاعری رکھا۔ کے بی این ٹائمز گلبرگہ کے شریک مدیر ڈاکٹر مشتاق احمد سہروردی جو بطور مہمان خصوصی شرکت کی نے “بہنوئیوں کے ناز و نخروں” پر طنز و مزاح سے بھرپور انشائیہ سنایا اور معین امر بمبو کو مبارکباد پیش کی۔ اس کے علاوہ آئرلینڈ سے تشریف لائے ایک اور مہمان کریم الدین محمد، گلبرگہ سے تشریف لائے مہمان میاں سردار فیروزآبادی، ممتاز صحافی جناب کے این واصف، جناب ابو مسعود عبدالغنی موظف تحصیلدار محبوب نگر، جناب محمد ظہور الدین سکندرآباد کوآپریٹو بنک، صوفی سلطان شطاری نے بڑے ہی پر لطف انداز میں معین امر کے فن کوسراہا۔ ادبی اجلاس کی نظامت ڈاکٹر جاوید کمال نے طنز و مزاح سے بھرپور انداز میں کی۔
تقریب کی ابتداء ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کے نعتیہ کلام سے ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کو ملازمت سے ان کے وظیفہ حسن پر سبکدوشی پر انجمن ریختہ گویاں اور فولس پیراڈاز کی جانب سے تہنییت پیش کی گئی۔ ممتازشاعر نجیب احمد نجیب نے ڈاکٹر معین امر بمبو کی شخصیت اور مجموعہ کلام پر تبصرہ پیش کیا۔ بعد ازاں مزاحیہ مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا جس کی نظامت طنزو مزاح کے ممتاز شاعر لطیف الدین لطیف نےکی۔ جناب شاہد عدیلی، فرید سحر، وحید پاشاہ قادری، ڈاکٹر معین امر بمبو،لطیف الدین لطیف، نجیب احمد نجیب شبیر خاں اسمارٹ اور ڈاکٹر حسام الدین طلعت نے اپنے مزاحیہ کلام سے محفل کو زعفران زار بنادیا۔ مشہور کامیڈین شہاب الدین نے اپنے منفرد خاکووں سے محفل میں قہقہے بکھیرے۔ ڈاکٹر جاوید کمال کے ہدیہ تشکر یہ قہقہہ بردوش محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
