حیدرآباد (راست)
صدر انجمن تاجران چائے تلنگانہ و نائب صدر نشین فیڈریشن آف آل انڈیا ٹی ٹریڈرس اسوسی ایشن جناب درویش حمید الدین شاہد نے کہا کہ پانی کے بعد سب سے زیادہ پیا جانے والا مشروب "چائے” ہے۔ طبی نکتہ نظر سے بھی چائے کے کئی فوائد ہیں۔ چائے تر و تازگی بخشتی ہے اور تھکن دور کرتی ہے۔ وہ “عالمی یوم چائے” کی مناسبت سےایوان احمد ملک پیٹ میں "چائے پہ راۓ” نشست کو مخاطب کررہے تھے۔ محفل کا اہتمام پروفیسر محمد مسعود احمد چیف آپریٹنگ آفیسر رینوا بی بی کینسر ہاسپٹل ملک پیٹ نے کیا تھا۔ جناب درویش حمید الدین شاہد نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی چائے کو عالمی مقبولیت حاصل ہے اور اس سلسلے میں ہماری تیار کردہ "لاسا لمسا ” چائے کی پتی سارے ہندوستان کے علاوہ دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی دستیاب ہے۔ جناب درویش حمید الدین شاہدنے بتایا کہ ان کے دادا جناب درویش عبدالحمید اور دادا کے بھائی جناب درویش عبداللطیف نے 1933 عیسوی میں حیدرآباد دکن میں چائے کے کاروبار کاآغاز کیا تھا۔
ناظم محفل لطیف الدین لطیف کی تجویز پر جناب درویش حمید الدین شاہد نے فوری طور پر اعلان کیا کہ وہ ہر سال "عالمی یوم چائے” کے موقع پر ایک مشاعرہ کااہتمام کریں گے۔ پروفیسر محمد مسعود احمد نے چائے کے عالمی دن پر جناب درویش حمید الدین شاہدکے ایوان احمد ملک پیٹ پہنچنے پر خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایوان احمد میں مختلف ادبی، تہذیبی اور شعری محفلیں منعقد کی جاتی ہیں اسی مناسبت سے چائے کے عالمی دن پر بھی اس نشست کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے درویش حمید الدین شاہد کے والد محترم جناب درویش غیاث الدین کا بھی تذکرہ کیا کہ چائے کے کاروبار میں عالمی پیمانے پر انہوں نےایک اپنی منفرد شناخت بنائی۔
جناب عبدالواحد رکن عاملہ انجمن تاجران چائے تلنگانہ نے کہا کہ دنیا بھر میں چائے پینے والے لوگ لاسا لمسا کو اپنی اولین ترجیح مانتے ہیں۔ ماہر تعلیم جناب محمد حسام الدین ریاض نے کہا کہ دودھ سے صرف ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور چائے سے رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائے صرف چائے ہی نہیں بلکہ تنہائیوں میں خود سے گفتگو کرنے کا بہانہ بھی ہوتا ہے۔ بقول شاعر
اک چائے دو کپون میں برابر سی بانٹ کر
اکثر کیا ہے فرض کے تنہا نہیں ہوں مین
اس موقع پر پروفیسر محمد مسعود نے مخدوم ایوارڈ یافتہ ممتاز و معروف شاعر جناب فاروق شکیل اور جناب درویش حمید الدین شاہد کی گل پوشی و شال پوشی کی اور اپنے کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔ جناب درویش حمید الدین شاہدانے بھی اپنی جانب سے حاضرین محفل کو لاسا لمسا چائے کا تحفہ پیش کیا بعد ازاں ڈاکٹر فاروق شکیل کی صدارت میں مشاعرہ ہوا جس میں شعرا نے چائے کے علاوہ مختلف اشعار سے محفل کو پر لطف کیا۔ ناظم مشاعرہ جناب لطیف الدین لطیف نے نہایت ہی عمدگی کے ساتھ اور مزاحیہ اشعار سناتے ہوئے نظامت کی اور محفل کو زعفران زار کیا۔ صدر مشاعرہ ڈاکٹر فاروق شکیل کے علاوہ جناب سمیع اللہ حسینی سمیع پروفیسر محمد مسعود احمد، جناب لطیف الدین لطیف ،جناب جہانگیر قیاس، جناب ثناء اللہ انصاری وصفی، جناب سہیل عظیم نے اپنا کلام سنایا جناب محمد حسام الدین ریاض کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
