حیدرآباد ۔ (راست)
لڑکیوں اور خواتین میں تخلیقی صلاحیتیں اور مستقل مزاجی کامیابی کے راستے فراہم کرتی ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ لڑکیاں اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی پوشیدہ تخلیقی صلاحیت کو اجاگر کریں۔ سیل فون پر حد سے زیادہ وقت گزارنا اپنے اوقات کو برباد کرنے کے سوائے کچھ نہیں۔ سیل فون کا استعمال ایک حد تک ہی درست ہے۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ شہناز خان فیشن ڈیزائنر نے دھوم ڈانس اسٹوڈیو محبوب نگر( محمد عظیم )کے زیر اہتمام طلبا و طالبات کے لیے انعامی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا جو برلا پلانیٹوریم میں عظیم الشان پیمانے پر منعقدہوئی پرگتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عارف الدین نے اس پروگرام میں تعاون کیا۔ دھوم ڈانس اسٹوڈیو کی جانب سے منعقدہ کلچرل ڈے کے موقع پر اساتذہ اور طلبہ کو مختلف مومنٹوز پیش گئے اور سماج کی مختلف ذی اثر شخصیات کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں بھی مومنٹوز دیے گئے اور شال پوشی کی گئی۔ اس موقع پر شہناز خان کو بھی تہنیت پیش کی گئی اور ان کی شال پوشی اور مومنٹو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں شہنازخان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہر جگہ فیشن ڈیزائننگ میں لڑکیوں کو ترقی کرنے کے بہترین مواقع حاصل ہیں۔ اس سے ان کے آمدنی میں بھی اضافہ ہوتا ہے زندگی میں خود کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے خود کو اپنے آپ کو ٹٹولنا پڑتا ہے کوشش اور جستجو کریں تو ہم بھی سماج میں ایک باوقار اور مستحق مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں خود اعتمادی بڑی اہمیت رکھتی ہے لڑکیاں خود اعتمادی پیدا کرتے ہوئے ایک فیشن انٹرپرینیور کے علاوہ کانٹیکٹ کیریٹر اور کرییٹو ڈائریکٹر بن سکتی ہیں۔ لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کچھ بننے کی فکر کریں جب لڑکیوں میں حوصلہ ہوگا تو خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوگا لڑکیاں اپنی صلاحیت کے ساتھ اپنی آواز اور اپنے ہنر کے ساتھ ترقی کر سکتی ہیں فیشن ڈیزائنر بننے کے لیے سچی لگن اور محنت ضرورت ہے۔ انسان کو سیکھنے کا عمل ہمیں ہمیشہ جاری رکھنا چاہیے۔ زندگی کے ہر موڑ پر ہمیں یہی درس ملتا ہے کہ ہم سیکھنے کے عمل سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔ فیشن ڈیزائننگ میں مواقع لا محدود ہیں فیشن ڈیزائننگ کاآپ اپنے بیڈ روم سے اغاز کر سکتی ہیں آپ اپنا برانڈ شروع کر سکتی ہیں فیشن ڈیزائننگ صرف کپڑوں تک محدود نہیں یہ زندگی کے مختلف شعبوں میں داخل ہو چکی ہے۔ کم بجٹ میں بھی فٹنگ اسٹائلنگ اور ٹرینڈز آپ بنا سکتی ہیں۔ مہمان خصوصی صدر جمہوریہ ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر ساجدہ خان نے شہناز خان کی ہما جہتی صلاحیتوں کی ستائش کی اور لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ ساجدہ خان کی بتائی ہوئی باتوں پر سنجیدگی سے غور کریں اور فیشن ڈیزائننگ کے شعبہ میں اپنے آپ کو آگے بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی ممتاز و مزاحیہ و سنجیدہ شاعر جناب لطیف الدین لطیف اور ماہر تعلیم جناب محمد حسام الدین ریاض کو بھی تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں مومنٹو پیش کیا گیا اور شال پوشی کی گئی۔
