جدہ (پریس نوٹ)
انڈین ڈاکٹرس میڈیکل فورم (IDMF) نے قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ اور انٹرنیشنل انڈین اسکول، جدہ (IISJ) کے اشتراک سے ہائی اسکول کے طلبہ کے لیے بنیادی لائف سپورٹ (BLS) تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں ہنگامی طبی حالات سے نمٹنے، بروقت ردعمل اور انسانی جان بچانے سے متعلق بنیادی مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔
جدّہ سے صحافی عبدالرحمٰن مرزا کے جاری پریس نوٹ کے مطابق پروگرام کا افتتاح مہمانِ خصوصی قونصل جنرل ہند جدہ، عزت مآب فہد احمد خان سوری نے کیا۔ ان کی شرکت نے نوجوان نسل میں صحت سے متعلق آگاہی، ہنگامی حالات کے لیے تیاری اور معاشرتی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر IDMF کے صدر ڈاکٹر اشفاق منیار نے ہنگامی طبی حالات میں بروقت کارروائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ طبی امداد پہنچنے سے قبل کے چند لمحات اکثر فیصلہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔ بروقت ابتدائی طبی امداد مریض کی جان بچاسکتی ہے۔
ڈاکٹر منیار نے کہا کہ BLS تربیت محض طبی معلومات تک محدود نہیں بلکہ اس سے نوجوانوں میں اعتماد، ذمہ داری اور ضرورت کے وقت دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔
IDMF کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد عبدالسلیم نے پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنی مکمل معاونت اور رہنمائی فراہم کی۔
اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے IDMF اور IISJ کی جانب سے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں فوری اور درست ردعمل کی تربیت فراہم کرنے کی کاوش کو سراہا۔ انہوں نے تیاری، آگاہی اور مشکل حالات میں پرسکون رہنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس تربیت کو سنجیدگی سے حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ BLS کے دوران سیکھی گئی مہارتیں طلبہ کے لیے اسکول ہی نہیں بلکہ ان کے گھروں اور وسیع تر معاشرے میں بھی ضرورت کے وقت مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔
اس مفید پروگرام کا مقصد طلبہ کو صرف BLS کی بنیادی معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ ہنگامی حالات میں اعتماد، ذمہ داری اور بروقت ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔
تقریب کے اختتام پر انٹرنیشنل انڈین اسکول، جدہ کے پرنسپل ڈاکٹر محمد عمران نے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے قونصل جنرل، IDMF کی قیادت، BLS انسٹرکٹرز، اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے پروگرام کی کامیابی میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے انتظامات میں ڈاکٹر سفیان، ڈاکٹر فرحین طٰہٰ اور ڈاکٹر کمال نے انسٹرکٹرز اور تربیتی مینیکنز کی ضروری تیاریوں کو یقینی بنایا، جبکہ ڈاکٹر محبوب، ڈاکٹر شازیہ اور ڈاکٹر یامین نے مجموعی انتظامی امور میں تعاون کرتے ہوئے پروگرام کے کامیاب اور منظم انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
