ریاض ۔ کے این واصف
بین الاقوامی “کنگ فیصل ایوارڈ 2026” کی سالانہ تقریب شاندار پیمانے پر ریاض میں ہوئی، جس میں اسلامی علوم، عربی زبان اور ادب، میڈیسن، سائنس اور اسلام کی خدمت کے شعبے میں فاتحین کو اعزاز سے نوازا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی ا” کے مطابق ریاض ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے ایوارڈ کے 48 ویں ایڈیشن کے فاتحین کو اعزاز سے نوازا۔
وزرا، سفارتکار، سکالرز، سائنسی، ثقافتی اور میڈیا اداروں کے نمائندگان بھی تقریب میں شریک تھے۔
اس سال ایوارڈ کا 48 واں ایڈیش، ایک سنگ میل کے ساتھ ہم آہنگ تھا۔ کنگ فیصل فاونڈیشن کو 50 برس مکمل ہوگئے، یہ 1976 میں قائم ہوئی، جبکہ 1979 میں پہلی ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
کنگ فیصل فاونڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے قائم مقام چیئرمین شہزادہ ترکی الفیصل نے تقریب کی سرپرستی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔
کنگ فیصل پرائز کے سیکرٹری جنرل عبدالعزیز السبیل نے فاتحین کا تعارف کرایا، علم کی ترقی میں ان کی کامیابیوں کواجاگر کیا جنہوں نے انسانیت پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔
اسلام کی خدمت کے شعبے میں الفوزان ہولڈنگ کمپنی کے سربراہ شیخ عبداللطیف بن احمد الفوزان اورجامعہ الازہر کے پروفیسر محمد ابو موسی کو مشترکہ طور پر ایوارڈ دیا گیا۔
اسلامی علوم کا ایوارڈ مصری یونیورسٹی کے پروفیسرعبدالحمید حسین حمودہ اور اردن کی یونیورسٹی کے پروفیسر محمد وہیب حسین کو مشترکہ طور پرحصے میں آیا۔
عربی زبان اور ادب کا ایوارڈ اس سال فرانسیسی یونیورسٹی کے پروفیسر پیئر لاچر نے حاصل کیا۔
میڈیسن کا انعام امریکی یونیورسٹی کی پروفیسر سویتلانا موزیووا جبکہ سائنس کا ایوارڈ شگاگو یونیورسٹی کے پروفیسر کارلوس کوینیگ کو دیا گیا۔
اس سال ایوارڈ کے لیے اسلامی علوم کے شعبے میں “اسلامی دنیا میں تجارتی راستے”، عربی زبان و ادب میں “فرانسیسی میں عربی ادب”، میڈیسن میں “مٹاپے کے علاج کو تبدیل کرنے والی دریافتیں” جبکہ سائنس کے شعبے میں “میتھمیٹکس” کے موضوع کا انتخاب کیا گیا تھا۔
جبکہ اسلام کی خدمت ایک اعزازی ایوارڈ ہے جو اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے لیے غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
کنگ فیصل ایوارڈ 1979 میں پہلی مرتبہ تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب میں دیا گیا تھا۔
1980 میں دو مزید شعبے طب اور سائنس متعارف کرائے گئے، ایوارڈ یافتگان کو دو لاکھ ڈالر، 200 گرام 24 قیراط کا گولڈ میڈل اور سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔
