کے این واصف
ریاض سمیت مملکت کے مختلف علاقوں میں ان دنون وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ ہے۔ جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہورہی ہے۔
رواں سال رمضان ماہ کی آغاز ماہ فروری ہی ہوگیا تھا جب مملکت میں موسم معتدل رہتاہے۔ جس سے درجہ حرارت میں کمی اور روزوں کا دورانیہ کم ہو گیا ہے۔
انگریزی روزنامہ عرب نیوز کے مطابق ریاض میں درجہ حرارت 8 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ چل رہا ہے جبکہ ناردرن بارڈرز کے ریجن میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ چل رہا ہے۔
اسلامی ہجری کیلنڈر گریگورین سال کے مقابلے میں تقریباً 11 دن مختصر ہوتا ہے اور رمضان ہر سال کچھ دن پہلے آتا ہے۔
بادلوں سے بھرے ہوئے آسمان اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کی وجہ سے بھی مملکت کے کئی حصوں میں درجہ حرارت کم ہوا ہے اور ٹھنڈے موسم کی مزید پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
نیشنل سینٹر آف میٹریولوجی کے مطابق منگل سے لے کر ہفتے کے آخر تک ناردرن ریجن میں موسم سرد رہے گا جبکہ بدھ سے ریاض، قصیم اور مشرقی صوبے میں بھی درجہ حرارت میں کمی دیکھنے میں آئے گی۔
کئی شہریوں کے لیے ٹھنڈے موسم میں روزے رکھنا گزشتہ برسوں کی نسبت آسان ہو گیا ہے جب رمضان کا مہینہ بھرپور گرمیوں میں آتا تھا۔
پچھلے سال بھی رمضان کے مہینے میں موسم خوشگوار رہا تھا تاہم اس سے قبل مسلمانوں کو لمبے اور گرم دنوں میں روزے رکھنے پڑے تھے۔
