جدہ میں کرن رجیجو اور سعودی وزیر حج کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط۔
جدہ (پریس نوٹ)
حج 2027 کے لیے ہندوستان سے ایک لاکھ 75 ہزار 25 عازمینِ حج کی روانگی کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔ ہندوستان اور سعودی عرب نے عازمینِ حج کو بہتر، محفوظ اور آرام دہ سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پیر کے روز جدہ میں دوطرفہ حج معاہدہ 2027 پر دستخط کیے۔ اس اہم معاہدے پر ہندوستان کے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور و پارلیمانی امور کرن رجیجو اور سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے دستخط کیے۔
صحافی عبدالرحمٰن مرزا بیگ کے جاری پریس نوٹ کے مطابق وزیر کرن رجیجو 6 سے 9 نومبر 2026 تک سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود تھے۔ معاہدے پر دستخط سے قبل دونوں وزرائے نے دوطرفہ ملاقات کی، جس میں حج 2027 کی تیاریوں، انتظامی امور، باہمی رابطہ کاری اور ہندوستانی عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حج کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے ہندوستان اور سعودی عرب کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور مسلسل رابطہ ضروری ہے۔
دریں اثناء اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران کرن رجیجو نے 8 نومبر کو جدہ میں منعقدہ چھٹی حج کانفرنس و نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی صدارت میں منعقدہ وزارتی کانفرنس میں بھی حصہ لیا۔
وزیر موصوف نے عالمی سطح پر عازمینِ حج کے لیے سہولیات کو بہتر بنانے اور حج انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سعودی قیادت کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حج 2027 کے سلسلے میں ہندوستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عازمین کی فلاح و بہبود، بہتر انتظامات اور مؤثر رابطہ کاری دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات ہیں۔
اس موقع پر کرن رجیجو نے کانفرنس میں شریک دیگر ممالک کے وزرائے کے ہمراہ مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر عزت مآب شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔
یہ ایک خوش آئند بات رہی کہ وزیرِ کدن رجیجو نے اپنی تمام تر سرکاری مصروفیات کے باوجود جدہ میں واقع انڈیا ہاؤس میں منعقدہ جشنِ نورِ دیوالی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی شہریوں اور مملکت کے مغربی خطے میں مقیم ہندوستانی برادری کے افراد سے ملاقات کی۔
تقریب میں ہندوستان کی تہذیبی روایات اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کیا گیا۔ اس اجتماع نے ہندوستانی اور سعودی شہریوں کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کیا۔
حج 2027 کی تیاریوں کا اعلیٰ سطحی جائزہ
دورے کے دوران کرن رجیجو نے قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، وزارتِ اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔
اجلاس میں حج 2027 کے لیے جاری تیاریوں، متعلقہ اداروں کے درمیان تال میل اور ہندوستانی عازمین کی سہولت کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر موصوف نے تیاریوں میں مصروف تمام متعلقہ اداروں اور افسران کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
وزیر کرن رجیجو کے ہمراہ وزارتِ اقلیتی امور کے جوائنٹ سکریٹری (حج) محمد افضل بھی سعودی عرب کے دورے پر موجود تھے۔
وزیر کرن رجیجو کا چار روزہ دورۂ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت بتایا۔
حج 2027 کے لیے ہندوستان کو ایک لاکھ 75 ہزار 25 عازمین کا کوٹہ ملنا ہندوستانی مسلمانوں کے لیے ایک خوش آئند بات ہے۔

