کے این واصف
مملکت سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کو جمعہ کے روز ہندوستانی کمیونٹی نے ایک پروقار تقریب میں الوداع کہا۔ واضح رہے کہ سفیر ڈاکٹر خان کی معیاد مکمل ہونے پر ان تبادلہ عمل میں آیا ہے اور اب وہ وزارت خارجہ ہند نئی دہلی میں خدمات انجام دین گے۔ سفیر ہند کی اس شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی نے کیا تھا۔ جہان انھیں کمیونٹی قائدین نے ان کی بہترین خدمات کا اعتراف کیا۔ واضح رہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی ریاض کے سارے سماجی تنظیمون کی نمائندگی کرتی ہے۔ جس کی قیادت انجینئیر محمد ضیغم خان کرتے ہیں۔
سفیر ہند کی اس وداعی تقریب کی سفارت خانے کے X اکاؤنٹ پر جاری مختصر روداد کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے مملکت میں کمیونٹی کے فلاحی تنظیمون کی رضاکارانہ خدمات، مملکت میں انڈین کلچر کے فروغ، بین ممالک تعلقات کے استحکام میں ان کے اہم رول کی بہترین الفاظ میں ستائش کی۔ سفیر ہند نے مملکت میں انڈین بزنس کمیونٹی کے تجارتی تعلقات کے فروغ میں بہترین کردار کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر خان نے آخر میں انڈین ایمبیسی ریاض کی جانب سے ہندوستانی کمیونٹی کی خدمت کے سلسلہ کو ہمیشہ کی طرح دیانت داری سے پورا کرتے رہنے کے عزم کا تیقن دیا۔
آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی ریاض کے کنوینر انجینئر محمد ضیغم خان کے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق الوداعی تقریب شایاںِ شان انداز میں ہالیڈے ان، القصر اولیّا ریاض میں منائی گئی جس میں انڈین کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محمد ضیغم خان نے خیرمقدم کیا اور انڈین کمیونٹی کی فلاحی تنظیمون کے اراکین اور سرکردہ شخصیات نے اپنے خطاب میں سفارتخانہ ہند ریاض کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے انڈین کمیونٹی کا سچّے جذبہ کے ساتھ خدمات جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
