کے ای واصف
مملکت کے تمام محکمے زائرین و معتمرین کی بہتر سے بہتر خدمات کی پیشکش میں کوشاں رہتے ہیں۔ جمعرات کو مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی جانب سے “عازمین حج و عمرہ زائرین کے سفری مراحل” کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد زائرین کے سفری مراحل کی منصوبہ بندی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق ورکشاپ کا انعقاد “خدمت ضیوف الرحمن” پروگرام کے تحت کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
منعقدہ ورکشاپ میں مختلف ممالک سے آنے والے عازمینِ حج اور عمرہ زائرین کے سفری مراحل کو مزید موثر اور مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ میں ان کی آمد و رفت کے امور کو آسان بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
ورکشاپ کے شرکاء نے عازمین حج و زائرین کے سفری مراحل کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا اور خدمات کے معیار، درپیش چیلنجز اور ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
شرکاء نے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے، جدید طریقے وضع کرنے، سابقہ تجربات کے تبادلے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بلند کرنے پر زور دیا۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ یہ ورکشاپ خدمات کے نظام کو مسلسل بہتر بنانے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
