کے این واصف
حج کی ادائیگی کے بعد اب بھی لاکھون حجاج مملکت میں موجود ہیں جو سلسلہ وار طور پر اپنے اپنے ملک واپس ہورہے ہیں۔ جبکہ حجاج کی سہولتون میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مملکت میں ہوائی اڈوں پر “ای گیٹس” سسٹم متعارف کرائے جانے سے وطن لوٹنے والے حجاج کو امیگریشن میں کافی سہولت ہو رہی ہے۔ قطار میں لگے بغیر حجاج سیکنڈز میں امیگریشن کے مرحلے سے گزر جاتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے مملکت کے مختلف بری ، فضائی اور بحری پوسٹوں سے واپس جانے والے حجاج کرام کو امیگریشن کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ جن کا مقصد حجاج کی واپسی کے مراحل کو منظم کرنا ہے تاکہ انہیں قطار ٹھہرنے اورکسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مملکت کے ہوائی اڈوں پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے “ای گیٹس” کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے حجاج کرام کو خود کار سروس کا استعمال کرتے ہوئے کافی سہولت محسوس کررہے ہیں۔
جدید ترین “ای گیٹس” سے محض چند سیکنڈ میں مسافر کا ڈیٹا سکین کرکے ان کا ایگزٹ سسٹم میں ریکارڈ ہو جاتا ہے جس سے حجاج کو امیگریشن کے مراحل سے گزرنے میں بے پناہ سہولت ہوتی ہے۔
ای گیٹس کے ذریعے بغیر کسی انسانی مداخلت کے مسافر امیگریشن کے مراحل از خود باسانی مکمل کر لیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر نصب ای گیٹس سے یومیہ بنیاد پر ایک لاکھ 75 ہزار مسافر مستفیض ہو سکتے ہیں۔

