
ریاض – کے این واصف
یارا انٹر نیشنل اسکول نے گزشتہ برسوں کی طرح امثال بھی تعلیمی میدان میں اپنی برتری کوبرقرار رکھتے ہوئے ،سی بی ایس ای کی دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔
امثال جماعت دہم میں 187 طلباء نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 86 فیصد نے فرسٹ کلاس اور 53 فیصد نے امتیازی نمبرز حاصل کیے۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں عقیقہ متقی (97.60 فیصد)، زیدہ ایم عارف (96.20 فیصد)، نیزہ ٹی کو راد اور مروہ ذاکر (95.80 فیصد) شامل ہیں۔ عربی مضمون میں عائشہ فاطمہ اور فاطمہ زاہر نے جبکہ ملیالم میں نہال ریان نے مکمل نمبرات (سینٹم ) حاصل کر یارا اسکول کی تاریخ میں ایک نئی مثال رقم کی۔
اسی طرح بارہویں جماعت میں 78 طلبا میں سے 94 فیصد نے فرسٹ کلاس اور 49 فیصد نے امتیازی نمبرات حاصل کیے۔ سائنس اسٹریم کی فاطمہ نورین نے 95 فیصد جبکہ کامرس اسٹریم میں حناء صولا کار چمبالا نے 88.4 فیصد حاصل کیے۔ اس کے علاوہ، فائن آرٹس میں غزالہ آفرین، نیہا مریم، فضا فاطمہ اور فاطمتہ الاحصیٰ جبکہ کمپیوٹر سائنس میں ملیحہ مجیب اور کیمسٹری میں فاطمہ نورین چیلیور نے سو فی صد نمبرات حاصل کئے۔
واضح رہے کہ امثال امتحان میں شریک ہونے والے کل طلبا میں سے ۹ طلبہ نے مختلف مضامین میں ۱۰۰ میں سے ۱۰۰ نمبرات حاصل کئے جبکہ17 طلبہ نے ۱۰۰ میں سے ۹۹نمبر ز حاصل کر کے یارا اسکول کی تاریخ میں ایک نیا ہدف قائم کیا۔
اسکول کے نتائج کے پیش نظر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بانئی مدرسہ اور پرنسپل محترمہ عاصمہ سلیم نے اپنے دل کی عمیق گہرائیوں سے طلبا اور انکے والدین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ شاندار کامیابی یقیناَ منظم منصوبہ بندی، انفرادی تدریسی حکمت عملی اور ہیڈ مسٹریس اور مڈل لیڈرس کی قیادت میں اساتذہ کی مسلسل محنت و نگرانی کا مظہر ہے۔