عظیم الشان بین الاقوامی مشاعرہ و کوی سمیلن- ہندوستان کے ممتاز شعراء کی شرکت-
دبئی –
شہر حیدرآباد کی معروف ادبی، ثقافتی، شخصیت، بانی و منیجنگ ڈائریکٹر ایس آر زیڈ انٹرپرائزز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور بانی و چیئرمین ایس آر زیڈ ماہر القرآن ایوارڈز حیدرآباد، قاری محمد عبدالرحمن کو دبئی میں منعقد ہونے والی جشنِ اردو کی دسویں سالگرہ کی عظیم الشان تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی دعوت جشنِ اردو دبئی کے بانی جناب سید فرحان واسطی کی جانب سے دی گئی ہے، جو گزشتہ دس برسوں سے دبئی میں اردو زبان و ادب، مشاعروں، کوی سمیلن اور ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی روایات کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جشنِ اردو دبئی اپنے کامیاب دس سال مکمل ہونے کی مناسبت سے 24 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ، رات 8 بجے، شیخ راشد آڈیٹوریم، دی انڈین ہائی اسکول، عود میثاء، دبئی میں ایک عظیم الشان بین الاقوامی مشاعرہ و کوی سمیلن منعقد کررہا ہے۔ جس کی صدارت متحدہ عرب امارات کے ممتاز ماہر قانون ڈاکٹر ابو عبداللہ فرمائیں گے۔ رواں سال کی تقریب "A Tribute to Legends ” کے عنوان سے منعقد ہوگی۔ جس میں اردو و ہندی کے نمائندہ شعرا مدعو کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر اردو شاعری کی دو عظیم شخصیات مرحوم منور رانا اور مرحوم ڈاکٹر راحت اندوری کی ادبی خدمات کو بھی خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس تاریخی مشاعرہ و کوی سمیلن میں ہندوستان کے نامور شعراء اور ادبی شخصیات شرکت کریں گی، جن میں جناب عمران پرتاپ گڑھی، جناب اظہر عنایتی (صدرِ مشاعرہ)، جناب شکیل اعظمی، جناب ابرار کاشف، جناب ستلج راحت اندوری، جناب احمد سلمان، جناب تبریز منور رانا، جناب شمیم عباس، جناب عثمان مینائی، جناب اختر کانپوری، پروفیسر رحمان مصور، ڈاکٹر سلمیٰ شاہین، محترمہ مانیکا دوبے اور محترمہ ہمانشی ببرا شامل ہیں۔ جناب نیئر جلالپوری نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ توقع ہے کہ یہ تقریب دبئی میں مقیم اردو و ہندی زبان کے شائقین اور اہلِ ادب کے لیے ایک یادگار ادبی محفل ثابت ہوگی۔ خصوصی دعوت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے قاری محمد عبدالرحمن نے کہا: "جشنِ اردو دبئی کی دس سالہ تکمیل کے تاریخی موقع پر بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا جانا میرے لیے باعثِ مسرت و اعزاز ہے۔ میں اپنے عزیز بھائی جناب سید فرحان واسطی کا ان کی پُرخلوص دعوت کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔”قاری عبدالرحمن نے کہا کہ جشنِ اردو دبئی اور ایس آر زیڈ مشاعرہ حیدرآباد جیسے ادبی پلیٹ فارم ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تہذیبی رشتوں کو مزید مستحکم کرنے اور اردو و ہندی ادب کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اردو زبان و ادب اور ثقافتی سرگرمیوں کے علاوہ قاری محمد عبدالرحمن ایس آر زیڈ ماہر القرآن ایوارڈز حیدرآباد کے بانی و چیئرمین بھی ہیں۔ انہوں نے دبئی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام اردو و ہندی زبان کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس تاریخی مشاعرہ و کوی سمیلن میں شرکت کریں۔ ۔ حیدرآبادکے سینیئر صحافی جناب محمد حسام الدین ریاض بھی اس مشاعرے میں شرکت کریں گے۔
