کے این واصف
مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع میوزیم میں قرآن مجید کے ایک نایاب نسخے کی نمائش کی جا رہی ہے جو تیسری صدی ہجری کا ہے۔ یہ زائرین مکہ کے لیے نایاب مواقع ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق یہ تاریخی اور نایاب صفحہ قرآن مجید کی کتابت کے ابتدائی دور اور اس کی تحفظ کے سفر کو اجاگر کرتا ہے۔
نمائش میں رکھا گیا یہ صفحہ سورۂ مریم کے ایک حصے پر مشتمل ہے جو چمڑے سے بنے ورق (پارچمنٹ) پر سرخ روشنائی سے تحریرکیا گیا ہے۔
اس میں اعراب اور نقطے موجود نہیں جو ابتدائی قرآنی کتابت کی ایک نمایاں خصوصیت ہواکرتی تھی۔ یہ اس صفحے کو علمی اور تاریخی لحاظ سے منفرد بناتا ہے۔
یہ مخطوطہ میوزیم کے زائرین کو قرآنی کتابت کے ارتقا اور ابتدائی اسلامی صدیوں کے دوران قرآن مجید کو تحریر کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے طریقوں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
قرآن میوزیم، حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے نمایاں اور ثقافتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ میوزیم قرآن مجید کی تاریخ کے ساتھ اس کی کتابت اور تدوین کے مراحل کو اجاگر کرتا ہے۔
